لندن (این این آئی)وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن )کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف میرے قائد اور پاکستان کا اثاثہ ہیں، ان کیساتھ انصاف ہونا چاہیے،نہیں چاہتے ایسا کوئی فیصلہ کریں جس سے ہماری مشکلات میں اضافہ ہو، ہم انتخابات سے نہیں بھاگ رہے، آئندہ عام انتخابات اگست 2023 میں ہوں گے،
پنجاب میں تبدیلی اور پرویز الہی دھاگے سے لٹکے ہوئے ہیں،کسی وقت بھی دھاگا ٹوٹ سکتا ہے،اپوزیشن کی جانب سے آرمی چیف کی تعیناتی پرسیاست کرنا بدقسمتی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے، اگر نواز شریف کو کل پاکستان آنا ہے تو میں چاہتا ہوں کہ وہ آج آجائیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے، چاہتے ہیں نواز شریف کے ساتھ جو زیادتی ہوئی ہے اس کا ازالہ ہو۔رہنما مسلم لیگ (ن )نے کہا کہ نواز شریف میرے قائد اور پاکستان کا اثاثہ ہیں، سیاست میں اتنا بڑا اثاثہ مشکل سے ملتا ہے۔خواجہ آصف نے کہاکہ نہیں چاہتے کہ ایسا کوئی فیصلہ کریں جس سے ہماری مشکلات میں اضافہ ہو، ہم انتخابات سے نہیں بھاگ رہے، آئندہ عام انتخابات اگست 2023 میں ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب میں تبدیلی اور پرویز الہی دھاگے سے لٹکے ہوئے ہیں،کسی وقت بھی دھاگا ٹوٹ سکتا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے آرمی چیف کی تعیناتی پرسیاست کرنا بدقسمتی ہے، فوج پاکستان کی دفاع کا ضامن ادارہ ہے، آرمی چیف کی تعیناتی کا موضوع زیربحث نہیں آنا چاہیے، فوج کو یا آرمی چیف کی تقرری کو سیاست کا موضوع بنانے سے ادارے کو نقصان پہنچے گا۔وزیر دفاع نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئین اور قانون کے مطابق ہوگی لہذا اہم تعیناتی کو سیاسی ایشو نہیں بنانا چاہیے،
عمران خان پہلا سیاسی لیڈر اور پی ٹی آئی پہلی سیاسی جماعت ہے جو ادارے سے مداخلت چاہتے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی پر نومبر میں مشاورت کا آغاز ہوگا جبکہ آرمی چیف کی تعیناتی پر وزارت دفاع، جی ایچ کیو اور وزیراعظم مشاورت کرتے ہیں۔