چارسدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) چارسدہ میں تحریک انصاف کا کارکن امداد کا منتظر، دکھ کی داستان سناتے ہوئے آبدیدہ ہو گیا۔ سماء ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کارکن نے کہا کہ میری جوار کی فصل تھی اس پر تیس سے چالیس ہزار روپے خرچہ آیا تھا، اس کے ساتھ مکئی بھی ہے،
یہ ساری فصل تباہ ہو گئی ہے، یہاں کے پی ٹی آئی رہنما عبدالشکور ہیں جو ابھی تک یہاں نہیں آئے۔ عبدالشکور خان یہاں کا ایم پی اے اور فضل محمد خان ایم این اے ہے ابھی تک اس گاؤں کا نہیں بلکہ پورے چارسدہ کا وزٹ نہیں کر پایا، ایک بار آیا تھا جہاں پارٹی کا حجرہ تھا وہاں پر چائے پانی پی کر واپس چلا گیا تھا، عمران خان کے نام پیغام میں اس نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کا کارکن ہوں، عمران خان کا سپورٹر ہوں، 2005ء سے اب تک پی ٹی آئی میں شامل ہوں، یہاں پر کوئی سرکاری اہلکار یا تحریک انصاف کا کوئی بندہ اب تک یہاں نہیں آیا، یہاں پر کسی بھی سیاسی جماعت کا کوئی بندہ نہیں آیا۔ اس کا کہنا تھا کہ جب ہماری مدد کے لئے یہاں کوئی نہیں آیا تو ہم سے کوئی ووٹ مانگنے آیا تو میں ووٹ نہیں دوں گا، محمود خان یہاں سے ہو کر گیا اور بتایا کہ میرے پاس راشن نہیں ہے لیکن میری مدد نہیں کی گئی، یہ بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کارکن رو پڑا، اس نے کہا کہ میں ان کو ووٹ کیوں دوں گا۔ میری تمام فصل سیلابی پانی سے تباہ ہو گئی ہے۔