اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا کے فوڈ ڈائریکٹوریٹ نے گندم کے کوٹے کے اجراء کے بارے میں میمو نمبر 3290ایف جی 337ریلیزز گزشتہ شب جاری کیا جسے خیبر پختونخوا کے تمام ضلعی فوڈ کنٹرولرز‘ راشننگ کنٹرولر پشاور‘ سٹوریج اینڈ انفورسمنٹ آفیسرز پشاور اینڈ اذاخیل‘ چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا‘ سیکرٹری فوڈ‘ وزیر خوراک‘
صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو بھجوا دیا گیا ہے۔ اس میمو میں کہا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی نے گندم کے سٹاک پوزیشن میں کمی کی وجہ سے فلور ملز مالکان کوہر مہینے کے ہر ہفتے کے دن گندم کا سرکاری کوٹہ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فلور ملیں ہر جمعے کو ملنے والے سرکاری کوٹے سے بنائے گئے آٹے کو پیر کو تقسیم کیا کریں گی۔ یہ میمو ڈائریکٹر فوڈ خیبر پختونخوا نے جاری کیا ہے۔روزنامہ جنگ میں رانا غلام قادر کی خبر کے مطابق اس میمو کے اجراء کے بعد پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے وائس چیئرمین عاطف ندیم مرزا نے اس بات پر تشویش ظاہر کی ہے کہ خیبر پختونخوا صوبے میں آٹے کے سٹاک کم رہ جانے کی وجہ سے محکمہ خوراک ہفتے کے دن سرکاری کوٹہ جاری نہیں کریگا۔ ہفتہ 10ستمبر کو راولپنڈی اسلام آباد میں 40کلو گرام گندم کی اوپن مارکیٹ قیمت 3250روپے تک چلی گئی جو کہ گندم کے ذخیرہ اندوزوں نے اپریل مئی میں 2300روپے فی چالیس کلو گرام اور اس سے پہلے 2200روپے فی چالیس کلو گرام خریدی تھی۔ اس طرح گندم کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے صرف 4مہینوں کے اندر کم و بیش 1000روپے فی چالیس کلو گرام ناجائز منافع کمانے لگے ہیں۔
اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 3250روپے راولپنڈی ڈویژن‘ اسلام آباد میں ہونے کے نتیجے میں 10ستمبر کو پندرہ کلو پرائیویٹ آٹے کی قیمت 1450روپے کر دی گئی ہے جو کہ 6ستمبر 2022ء کو 1420روپے فی پندرہ کلو پرائیویٹ آٹا تھیلا تھی۔ چکی آٹے کی قیمت 96سے 100روپے کلو تک ہو گئی ہے۔ 7مئی کو چالیس کلو گرام گندم کی اوپن مارکیٹ قیمت 2350روپے من تھی جو 12مئی کو 2550روپے فی چالیس کلو گرام کر دی گئی۔
10ستمبر 2022ء کو آل ٹائم ریکارڈ اور ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ قیمت 3250روپے کلو ہو گئی ہے۔ اسکے نتیجے میں ملک بھر میں آٹے کے نرخ بڑھ گئے ہیں۔ اوپن مارکیٹ سے 3250روپے میں گندم خرید کر فلور ملوں نے 15کلو پرائیویٹ آٹے کے ایکس ملز ریٹ سوا چودہ سو سے ساڑھے چودہ سو روپے کر دیئے ہیں۔ دریں اثناء کراچی میں گندم 75سالہ تاریخ میں پہلی بار 3560روپے فی چالیس کلو گرام 10ستمبر 2022ءکو ہو گئی ہے۔ حیدرآباد میں 3540 روپے من‘ رانی پور‘ خیرپور‘ سکھر‘ گھوٹکی‘ ڈھرکی‘ پنوعاقل میں گندم کے اوپن مارکیٹ ریٹ 3100روپے تک چلے گئے ہیں۔