اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن )آئی ایم ایف کی جانب سے قرضے کی منظوری کے ساتھ ہی پاکستانی روپے کے مقابلے میں اڑان بھرتا امریکی ڈالر ایک بار پھر نیچے آنے لگا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹر بینک میں امریکی ڈالر 2 روپے 42 پیسے کم ہونے کے بعد
219 روپے 50 پیسے کا ہو گیا ہے۔یاد رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو قرض کی ادائیگی سے متعلق پروگرام کی منطوری دے دی۔ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے قرض کی منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ الحمداللہ ،آئی ایم ایف بورڈ نے توسیع فنڈ سہولت کی منظوری دے دی۔ان کا کہنا تھاکہ ہمیں ایک ارب 17 کروڑ ڈالر کی ساتویں اور آٹھویں قسط مل رہی ہے۔وزیرخزانہ کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کا متعدد مشکل فیصلے لینے پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، وزیراعظم کا پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کو 1.17 ارب ڈالر کی 7 ویں اور 8 ویں قسط ملے گی۔ مفتاح اسماعیل نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کے لیے سخت فیصلے کیے۔ آخر میں مفتاح اسماعیل نے قوم کو مبارکباد بھی دی۔