اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو بلیو پاسپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔ذرائع ایف آئی اے کا بتانا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نجی ائیر لائن کی پرواز سے اسلام آباد سے دبئی جا رہی تھیں
کہ امیگریشن حکام نے انہیں روک لیا۔ذرائع کے مطابق فردوس عاشق اعوان بلیو پاسپورٹ استعمال کرکے بیرون ملک روانہ ہو رہی تھیں۔بعد ازاں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ قانون کے مطابق ایک مرتبہ ایم این اے رہنے کے بعد کوئی بھی بلیو پاسپورٹ رکھنے کا مجاز ہے، بلیو پاسپورٹ کے حوالے سے قومی اسمبلی کا قانون موجود ہے اسے پڑھ لیا جائے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں نے اسی بلیو پاسپورٹ پر وزارت خارجہ سے نوٹ وربل کے ذریعے ہی دبئی کا ویزا لیا، میں نے سرکاری طریقے سے ہی ویزا لیا تھا، اگر کوئی مسئلہ تھا تو ویزا نہ دیتے۔سابق مشیر اطلاعات نے بتایا کہ میں 21 اگست کو دبئی میں ہونے والی ویمن پیس کپ میں بطور معاون میزبان شرکت کے لیے جا رہی تھی۔اپنے کینیڈا فرار ہونے کی باتوں کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ انہوں نے میرا پاسپورٹ ضبط کر لیا ہے، پیر کو سب کلیئر ہو جائے گا کہ معاملہ کیا ہے۔