سینیٹر مشاہد حسین سید نے بھارت کے ساتھ تجارت کی مخالفت کر دی
اسلام آباد (این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئر مین سینیٹر مشاہد حسین سید
نے بھارت کے ساتھ تجارت کی مخالفت کر دی ہے اور کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں
انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کے حقوق کی بحالی تک بھارت سے تجارت نہ کی جائے ۔
انہوں نے یہ بات سینٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی ۔فاروق ایچ نائیک کی
زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹوزر داری بھی شریک ہوئے جس میں خارجہ امور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔
مشاہد حسین سید نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے ،
آزاد کی تحریک کو دبایا جارہاہے اس سے تجارت نہیں ہونی چاہیے ۔اس موقع پر کمیٹی کے چیئر مین فاروق ایچ نائیک
اور اراکین نے مشاہد حسین سید کے موقف کی تائید کی تاہم سینیٹر طاہر بزنجو نے کہاکہ بھارت سے تجارت ہونی چاہیے ۔