اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )4 روز کی چھٹیوں کے بعد آج کاروبار کے آغاز میں انٹر بینک میں 1 امریکی ڈالر 2 روپے 4 پیسے سستا ہوگیا۔ڈالر سستا ہونے کے بعد انٹر بینک میں 222 روپے کا ہو گیا۔ادھر اوپن مارکیٹ میں 1 ڈالر 3 روپے سستا ہو کر 219 روپے کا ہو گیا ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں ایک ارب کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا ، یواے ای کی نئی سرمایہ کاری سے معیشت مزید مستحکم ہوگی۔تفصیلات کے مطابق عرب میڈیا کی جانب سے کہا گیا ہے متحدہ عرب امارات پاکستان کے اقتصادی سرمایہ کاری کے شعبوں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔اس اقدام کا مقصد سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا، دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو وسعت دینا اور معیشت کے مختلف شعبوں کا احاطہ کرنے والے منصوبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانا ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں نے معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا عزم کا اعادہ کیا ہے۔متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری ممکنہ طور پر اہم شعبوں بشمول گیس، انرجی انفراسٹرکچر ، زراعت، ہیلتھ کیئر، بائیو ٹیکنالوجی، لاجسٹکس، ڈیجیٹل کمیونیکیشن، ای کامرس، فنانشل سروسز میں کی جائے گی۔متحدہ عرب امارات کی جانب سے سرمایہ کاری پاکستان میں آئل اینڈ گیس، تعلیمی شعبے، توانائی بحران پر قابو کیلئے کی جائے گی۔متحدہ عرب امارات مشرق وسطی میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور سرمایہ کاری اور ترسیلات کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی ملک کے دیگر حصوں میں صحت ۔ تعلیم اور مواصلات کے شعبوں میں اہم کام کررہی ہے۔