کراچی، ریاض(این این آئی)محکمہ موسمیات نے سندھ میں جمعہ سے نئے مون سون سسٹم کے داخل ہونے کا انتباہ جاری کردیاہے۔
محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ سندھ میں 5 اگست سے معتدل شدت کی مون سون ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین سمیت دیگر علاقوں میں 5 سے 9 اگست کے دوران تیز بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 6 سے 9 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ 4 اگست تک شہر میں مطلع ابرآلود، ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان رہے گا۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ موسلا دھار بارشوں سے کراچی سمیت دیگر شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔دوسری جانب سعودی دارالحکومت ریاض میں موسلا دھار بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔سعودی میڈیا کے مطابق بارش کی وجہ سے کئی گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔سعودی محکمہ شہری دفاع نے تیز بارش کے بعد شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ماہرین کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان سے موسمی تبدیلی کی یہ لہر عمان اور امارات سے ہوتی ہوئی سعودی عرب پہنچی ہے