اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن) نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرخواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان شوکت خانم ہسپتال کو ملنے والے خیراتی پیسوں کو اپنی سیاست کیلئے استعمال کر رہے ہیں، خواجہ آصف نے مزید کہا کہ شوکت خانم ہسپتال ایک اچھا ادارہ ہے۔
لیکن عمران خان اس ادارے کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ 8سال سے فارن فنڈنگ کیس الیکشن کمیشن میں پڑا ہے، یہ کیس پی ٹی آئی کے اپنے بانی رکن اکبر ایس بابر نے عمران خان کیخلاف دائر کیا تھا اور انہوں نے رقم منتقلی کے تمام شواہد پیش کیے ، اب پی ٹی آئی یہ فیصلہ رکوانے کیلئے مختلف حیلے بہانے کررہی ہے، اگرفنانشل ٹائمز کی رپوٹ غلط ہے تو ان کیخلاف کیس کریں۔ انہوں نے کہا برطانوی اخبار بتا رہا ہے کس طرح چیریٹی کا پیسہ منتقل ہوا،مسلم لیگ ن کیخلاف جھوٹے کیس بنائے گئے پھر بھی مسلم لیگ ن کے تمام ارکان عدالتوں میں پیش ہوئے،نواز شریف نے اپنے اثاثوں کا پورا حساب دیا، ہماری پارٹی کے تمام ارکان نے اپنے اثاثوں کا جواب دیا لیکن عمران خان کبھی عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے ، انہوں نے کہا عمران خان سے فارن فنڈنگ کا سوال کریں گے اور باربار کریں گے اگر آپ اتنے صادق اورامین ہیں تو اپنے اثاثوں کا جواب دیں۔