چوہدری شجاعت کو پارٹی صدارت سے الگ کرنے پر چوہدری سالک حسین کا شدید ردعمل
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم (ق) کی ورکنگ کمیٹی کی جانب سے پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت کو
صدارت سے الگ کرنے کے فیصلے پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت کو پارٹی سے
نکالنے کی بات کر نا اپنی ذہنی حالت بتانے کے مترادف ہے۔گزشتہ دنوں مسلم لیگ ق کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا
جس میں پارٹی کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کو صدارت سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اس اجلاس پر
ان کے چھوٹے بھائی چوہدری شفاعت نے بھی اعتراض کیا تھا۔چوہدری شجاعت کے بیٹے و وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین
نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت کو پارٹی سے نکالنے کی بات کر نا اپنی ذہنی حالت بتانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت نے ملکی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دینے اور فرد واحد کو نوازنے کے بجائے سیاسی شعور کے مطابق
ملک و قوم کو انتشار سے بچانے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہاکہ چوہدری شجاعت کی ذہنی صحت غلامانہ ذہنیت سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔