کراچی(این این آئی)متحدہ قومی مومنٹ(ایم کیوایم)پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن اوروفاقی وزیرامین الحق نے کہاہے کہ فی الحال پی ٹی آئی کے ساتھ سیاسی اتحاد کا کوئی امکان نہیں۔
جب کہ مستقبل میں پی ڈی ایم میں رہنے کے حوالے سے فیصلہ کارکنان کی مشاورت سے ہوگا۔ایم کیو ایم اور پاکستان پیپلزپارٹی کا حلقہ بندیوں پر مختلف نقطہ نظر ہے۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے امین الحق نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں تبدیلی کو کھلے دل سے تسلیم کیا ہے، نئی پنجاب حکومت وفاق کے ساتھ بہترین تعلق قائم کرے۔انہوں نے ڈاکٹر فاروق ستار کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر فاروق ستار کے لیے دروازے ابھی بھی کھلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں بارش کا ایک قطرہ گرتے ہی شہر اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے۔کے الیکٹرک نے ابھی تک اپنا رویہ تبدیل نہیں کیا ہے۔سید امین الحق نے کہاکہ کراچی میں اس بار سب سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، بارشوں کے دوران ہلاکتیں ہوئیں، جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ ادا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر یوٹیلٹی بلز معاف نہیں کیا جاتا تو کچھ رعایت کی جائے۔