سیالکوٹ (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کا ایجنڈا عمران خان پورا کررہا ہے، یہ اپنے خون کا وفادار نہیں، تو کسی اور یا کسی مٹی کا کیا وفادار ہوگا، جس ادارے نے اس کو سہارا دیا اسی کا نہ ہوا۔شہاب پورہ فلائی اور کے افتتاح
پر خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے پچھلے 4 سال سے اس پْل کے تعمیراتی کام کو روکا ہوا تھا، (ن لیگ نے 2 ماہ میں پْل کا تعمیراتی کام مکمل کردیا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ پچھلے 3 ماہ میں مہنگائی میں اضافہ ہوا، اس مشکل دور سے نکل کر ضرور منزل تک پہنچیں گے، الیکشن اب دور نہیں، ایک سال رہ گیا ہے۔اْنہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان دھاندلی زدہ الیکشن سے اقتدار میں آیا، آج وہ حواس باختہ ہے، گزشتہ روز ان کی بیگم صاحبہ کی ٹیپ لیک ہوئی، یہ ملک کے دفاعی اداروں پر حملہ کرتا ہے، اس شخص کا ایجنڈا کوئی اور ہے۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ یہ پاکستان کو بدحالی پر چھوڑ گیا ہے، اب دفاعی ادارے میں بھی دراڑ ڈال رہا ہے، ہم آئین اور قانون کے داعی تھے آج بھی ہیں، یہ ماضی میں بھی آئین اور قانون کی حدود سے نکلنے کی دعوت دیتا رہا۔خواجہ آصف نے کہا کہ امریکا کی سازش کا بھانڈا ان کے وزراء نے خود پھوڑ دیا، امریکا سے بھی معافی مانگ رہا ہے اور پنڈی والوں سے بھی، جس ہاتھ نے اسے کھلایا اس نے اسی کا ہاتھ کھایا۔انہوںنے کہاکہ اگر دفاعی ادارے نہیں مانتے تو ان پر کیچڑ اچھالتا ہے، 2023 میں شفاف انتخابات ہوں گے، ہم اداروں پر حملوں کی کوشش کو ناکام بنائیں گے، اس کا ایک ہی مشن ہے کہ ایٹمی پروگرام کمزور ہو۔انہوں نے کہا کہ یہ تب تک اسلام آباد نہیں آیا جب تک ضمانت نہیں کرائی، یہ بزدل شخص ہے، قانون کا دائرہ اس کے گرد تنگ ہورہا ہے، یہ پنڈی والوں سے پانچ پانچ منٹ کا وقت مانگ رہا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان مہنگائی کا سیلاب لے کر آیا، ہم اس کے آگے بند باندھ رہے ہیں۔