بغیر اجازت حج پربھاری جرمانہ
ریاض (این این آئی)سعودی حکومت نے بغیر اجازت حج کرنے بھاری جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
عرب میڈیا نے بتایاکہ سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ جو کوئی بھی اجازت نامے کے بغیر حج کرنے کی کوشش کرے گا اس پر 10ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
پبلک سیکیورٹی کے ترجمان سمیع الشویریخ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کو تمام مقدس مقامات کے ساتھ ساتھ ان کی طرف جانے والی تمام سڑکوں پر تعینات کیا جائے گا تاکہ حج کے دوران ضوابط کی پابندی کو یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے 19 لوگوں کو حج سے متعلق دھوکہ دہی کے اشتہارات جیسے کہ دوسروں کی جانب سے مناسک ادا کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
سمیع الشویریخ کے مطابق سوشل میڈیا اور ایک ویب سائٹ پر اشتہارات کے ذریعے پیش کی جانے والی خدمات میں حاجیوں کے لیے قربانیاں فراہم کرنا اور تقسیم کرنا اور نقل و حمل کا انتظام کرنا شامل تھا۔