لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن)چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ 28 جون سے ملک میں مون سون کی پہلی بارش کا امکان ہے۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کے دوران چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ 17 جون سے پورے ملک میں شروع
ہونے والی بارشوں کا زور اب ختم ہوگیا ہے۔ 28 جون سے ملک میں مون سون کی پہلی بارش کا امکان ہے۔سردار سرفراز نے کہا کہ سندھ میں 30 جون کو بھارت سے مون سون سسٹم داخل ہوگا جس سے تھرپارکر اور میر پور خاص سمیت اطراف کے علاقوں میں بارش ہوگی۔ کراچی میں مون سون سسٹم کی پہلی بارش یکم یا 2 جولائی کو پہلی بارش ہوسکتی ہے۔کراچی میں پری مون سون سسٹم نکل گیا ہے اور اب محکمہ موسمیات نے 2 یا 3 جولائی کو پہلی مون سون بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران لاہور شہر میں بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق فضائی آلودگی کے حوالے سے شہر کے ایئر کوالٹی انڈکس کی شرح 128 ریکارڈ کی گئی گزشتہ روز شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہر کا موسم خوشگوار رہا۔یاد رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی پری مون سون بارشوں کے بعد جہاں قابل استعمال پانی کے وسائل میں اضافہ ہوا ہے وہیں چولستان اور بلوچستان کے مختلف علاقوں طویل خشک سالی کا خاتمہ کردیا ہے۔