کابل(مانیٹرنگ،این این آئی)افغانستان میں ہولناک زلزلہ پر راشد خان نے شاہد آفریدی سے مدد مانگ لی، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ افغانستان میں ہولناک زلزلہ آیا ہے جس سے بہت سے لوگ اپنی جانیں
کھو بیٹھے ہیں اور کئی افراد زخمی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میں متاثرین زلزلہ کے لئے فنڈ اکٹھا کر رہا ہوں اور آپ لوگوں سے تعاون اور مدد چاہتا ہوں، انہوں نے کہا کہ میں شاہد آفریدی، ہاردک پانڈیا اور ڈی جی براوو کو کہنا چاہتاہوں کہ اس عظیم مقصد کے لئے فنڈ اکٹھا کریں اور ویڈیو بنائیں۔ واضح رہے کہ افغانستان میں زلزلے کے سبب تباہ ہونے والے گھروں اور عمارات کے ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔آنے والے اس زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے بڑھ گئی، 1500 سے زائد افراد زخمی بھی ہیں جن میں سے بہت سوں کی حالت تشویشناک ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان میں زلزلے کے سبب تباہ ہونے والے گھروں اور عمارات کے ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں جبکہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب آنے والے اس زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ اس زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے افغان صوبہ پکتیکا کے حکام کے مطابق 1500 سے زائد افراد زخمی بھی ہیں جن میں سے بہت سوں کی حالت تشویشناک ہے۔ حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب بھی بہت سے لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔افغانستان کے زلزلہ زدگان کی مدد کیلئے خیبرپختونخوا حکومت نے افغان حکام کو امدادی سامان سے بھرے پانچ ٹرک حوالے کئے جبکہ خصوصی طبی ٹیمیں بھی روانہ کر دی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر بحالی وآبادیات کی موجود میں ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان نے پاک افغان سرحد پر امدادی سامان افغان حکام کے حوالے کیا، امدای سامان میں خیمے، باورچی خانے کا سامان اور بستروں سمیت دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں، خیبرپختونخوا حکومت کے مطابق مزید طبی امداد اور ٹیموں کی تشکیل و روانگی کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ افغان حکام کیساتھ مسلسل رابطہ میں ہے اور کسی بھی
ضرورت کے پیش نظر مکمل تعاون فراہم کیا جارہاہے وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کے مطابق زلزلہ زدگان کی امداد کے لئے 20 میڈیکل ٹیمز پاک افغان بارڈر روانہ کی گئی ہیں، ہر ٹیم آرتھوپیڈک سرجنز، میڈیکل افسرز، نرسز اور پیرا میڈیکس پر مشتمل ہے جبکہ 100 جدید میڈیکل بیڈز بھی فراہم کیے گئے ہیں۔بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں افغان بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔