کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)معروف میزبان و سیاستدان عامر لیاقت حسین کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے عدالتی حکم پر ان کی دوسری سابقہ اہلیہ سیدہ طوبیٰ انور نے بھی ردعمل دے دیا۔سیدہ طوبیٰ انور نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ اگر حکام نے عامر لیاقت کا
پوسٹ مارٹم کروانا ہی تھا تو ان کے انتقال کے روز ہی ایسا کرنا بہتر ہوتا، ان کے انتقال کو ایک ہفتے سے زائد عرصہ گزر جانے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے قبر کشائی کرنا لواحقین کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے۔طوبیٰ انور کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجھے اللہ کی مر ضی پر بھروسہ ہے، میرا یقین ہے کہ اللہ پاک ہمارے معاملات کا بہترین انتظام کرنے والا ہے، اللہ پاک مرحوم اور لواحقین کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے۔دوسری جانبتحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست این اے 245 کے ضمنی انتخاب پبلک نوٹس جاری کردیا گیا ہے، اب امیدوار کاغذات حاصل کرسکیں گے اور 22 سے 24 جون تک جمع ہونگے،ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 27 جولائی کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 کے لیے 22 سے 24 جون تک نامزدگی فارم جمع کرائے جائیں گے،25 جون کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری ہوگی،27 جون تک کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی30 جون تک ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف اپیل کی جاسکے گی،4 جولائی تک ان اپیلوں پر فیصلے سنائے جائیں گے،5جولائی کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی،6 جولائی کو امیدوار دستبردار ہوسکیں گے اور7 جولائی کوانتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے جبکہ 27 جولائی کو این اے 245 پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ ہوگی۔