اسلام آباد (آن لائن) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے حلقہ پی پی 167 لاہور میں فائرنگ اور تشدد کا نوٹس لے لیا۔چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو آئی جی پنجاب سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ آئی جی پنجاب بلاتفریق ملزمان کی گرفتاری
یقینی بنائیں۔چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ آئی جی پنجاب شفاف انکوائری کروا کر رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیشں کریں۔چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھاکہ آئی جی پنجاب اور انتظامیہ گن کلچر اورتشدد میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹیں۔سکندر سلطان راجہ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا حکم بھی دیا۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے پی ٹی آئی کے شبیرگجر اور ن لیگ کے نذیر چوہان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرنوٹس جاری کردیا ہے۔دونوں امیدواروں کو 20 جون کو ڈی آر او کے سامنے پیش ہونے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے نذیر چوہان کو 20 جون کو 12 بجے اورشبیر گجر کو 20 جون کو 3 بجے دفتر طلب کیا ہے، پیش نہ ہونے کی صورت میں عدم موجودگی میں فیصلہ کیا جائے گا۔ صوبائی الیکشن کمشنرکا کہنا ہے کہ واقعے کی فوری اور غیر جانبدارانہ کارروائی کویقینی بنایا جائے گا۔واضح رہے کہ لاہور میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی167 پر ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدواروں نے ایک دوسرے پر حملے کا الزام لگایا ہے۔