اسلام آباد(این این آئی)پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے سعودی عرب ایک بار پھر میدان میں آگیا، برادر ملک کی نامور تجارتی کمپنیوں اور بزنس کونسل کا 30رکنی سرمایہ کاروں پر مشمل بڑا وفد(آج)20جون بروزسوموار کو پاکستان کا دورہ کریگا۔
سعودی سرمایہ کاروں کے اس تاریخی دورے کے دوران مختلف شعبوں میں تجارت کے حوالے سے اہم معاہدے کیے جائیں گے جبکہ سعودی سرمایہ کار سی پیک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی آگاہی حاصل کریں گے، سعودی سرمایہ کاروں کا یہ وفد لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور کراچی کا دورہ کرے گا جہاں چیمبر آف کامرس سمیت تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے انتہائی اہم ملاقاتیں کی جائیں گی۔ پاکستانی حکام کی جانب سے سعودی سرمایہ کاروں کے پاکستان آنے والے حالیہ وفد کو شہباز شریف حکومت کی بڑی کامیابی سے تعبیر کیا جارہا ہے اور ملکی معیشت کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ملکوں میں سرمایہ کاروں کے باہم نئے تجارتی معاہدوں اورکاروباری تعلقات مزید مستحکم ہونے سے پاکستان کی معیشت کو خاطر خواہ فائدہ پہنچے گا۔ سعودی عرب کی نامورکمپنیوں اور بزنس کونسل کا یہ بڑا وفد تین سال بعد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے جسے حکومتی سطح پر بہت زیادہ اہمیت دی جارہی ہے۔ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان کی موجودہ معاشی صورت حال میں سعودی حکومت کے تعاون سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آنے والے دنوں میں پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم، محفوظ اور بہتر حالت میں دیکھیں گے،پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب ہیں۔
دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات میں ہر آنے والے دن مزید گرمجوشی پیدا ہوئی ہے۔ پاکستان ایک اہم ملک ہے اور سعودی حکومت کے ساتھ بہترین قریبی تعلقات ہیں۔سعودی سفیر نے بتایا کہ سعودی بزنس کونسل کا تیس رکنی وفد (آج)20جون بروز سوموار کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے گا اور لاہور،سیالکوٹ، فیصل آباداور کراچی کا دورہ کرتے ہوئے اہم ملاقاتیں کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت اور
سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے میں کمرشل سیکشن کے وزیر برائے تجارت و سرمایہ کاری اظہر علی داہر کا کہنا ہے کہ سعودی بزنس کونسل کے دورہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں تجارت کے حوالے سے معاہدے کیے جائیں گے، وفد سی پیک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی آگاہی حاصل کرے گا۔ سعودی سرمایہ کاروں کے حالیہ دورہ پاکستان سے
سعودی سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملے گا اور پاکستان کی معیشت پر اس کے نہایت شاندار اور مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ادھر پاک سعودی جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے میاں محمود نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کے وفد میں خوراک، تعمیراتی شعبے اور فارماسوٹیکل کمپنیز سے وابستہ اہم شخصیات شامل ہوں گی جو پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق مختلف چیمبرز آف کامرس اور نامور صنعتکاروں سے ملاقاتیں کریں گے۔