معروف کاروباری شخصیت کی بیٹی قتل
لاہور( این این آئی)صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ مسلم ٹائون میں مرحوم معروف کاروباری شخصیت سیٹھ عابد کی بیٹی کو گھر میں قتل کر دیا گیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے 3 پستول برآمد کرلئے ،پولیس نے قتل کے شبہ میں مقتولہ کے لے پالک بیٹے کو حراست میں لے لیا جبکہ گھریلو ملازمہ کوبھی شامل تفتیش کرلیا گیا ہے ۔
بتایا گیا ہے کہ مرحوم معروف کاروباری شخصیت کی بیٹی فرح مظہر مسلم ٹائون کے علاقے میں رہتی تھیں۔ مقتولہ کا خاوند مظہر امریکہ میں مقیم ہے ۔
مقتولہ کے 2بیٹے اور ایک بیٹی ہیں اورتینوں لے پالک ہیں۔مسلم ٹائون کے ایک گھر میں خاتون کے قتل کی اطلاع پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور فارنزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ۔
بتایا گیا ہے کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے تین پستول برآمد کر کے ایک لے پاک بیٹے کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ ایک گھریلو ملازمہ کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے ۔