اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن)بجلی کی بچت کے لیے وزارت پاور ڈویژن نے بڑے اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے سمری تیار کرلی۔ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق سمری کی منظوری کابینہ سے لی جائے گی، سمری کے مطابق ملک بھر کےکمرشل فیڈر ز کو شام 7 سے رات 10 بجے
تک بند کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے، کمرشل فیڈرز پر دن کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہےکہ کمرشل فیڈرز کی بندش سے 5 ہزارمیگاواٹ بجلی کی بچت ہوگی، شام 7 سے رات 11 بجے تک ٹیوب ویل کے فیڈرز کی بجلی بھی بند رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیوب ویل والے فیڈرزبند ہونے سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی کی بچت ہوگی۔ذرائع نے بتایا ہےکہ ان تجاویز کی اسی ہفتے وزیراعظم اور کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہےکہ تاجروں کی جانب سے دکانیں جلد بند کرنے سے انکار پر متبادل تجاویز تیار کی گئی ہیں۔دوسری جانب ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 465 میگاواٹ ہو گیا۔ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 22 ہزار 259 میگاواٹ ہے جبکہ ملک میں بجلی کی طلب 28 ہزار 724 میگاواٹ ہے۔اعداد و شمار کے تحت پانی سے 5 ہزار 150 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے اور سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار 761 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 12 ہزار 285 میگاواٹ ہے۔ ونڈ پاور پلانٹس سے ایک ہزار 148 میگاواٹ اور سولرپلانٹس سے پیداوار 500 میگاواٹ ہے۔بگاس سے چلنے والے پلانٹس 178 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں جبکہ جوہری ایندھن سے ایک ہزار 238 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔اسلام آباد ریجن میں بھی 6 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔