اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،یواین پی)انٹر بینک میں ڈالر مہنگا ہوگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹر بینک میں پہلے تو ڈالر 35 پیسے سستا ہوا جس کے بعد اس میں اچانک 65 پیسے کا اضافہ ہوگیا۔انٹر بینک میں اب سے کچھ دیر پہلے تک ڈالر 203 روپے کا ہے۔
دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس 460 پوائنٹس گرا ہے جس کے بعد یہ41 ہزار 554 کی سطح پر موجود ہے۔دریں اثنا سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں معمولی اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکرمئی 2022 تک کی مدت میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 7.059 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 0.3 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب میں کرنے والے پاکستانیوں نے 7.040 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔مئی میں سعودی عرب سے ترسیلات زرکاحجم 541.9 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو اپریل میں 707.2 ملین ڈالراورگزشتہ سال مئی میں 627.7 ملین ڈالرتھا۔سٹیٹ بینک کی جانب سے قانونی اوربینکنگ زرائع سے ترسیلات زرکی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کے نتیجہ میں جاری مال سال کے پہلے 11 ماہ میں سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلار زرمیں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں مجموعی طورپر6.3 فیصد کی نموریکارڈکی گئی ہے۔