کراچی (آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے الیکشن کمیشن کی قانونی حیثیت کو چیلنج کردیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کی الیکشن کمیشن کی قانونی حیثیت سے متعلق درخواست پر اٹارنی جنرل پاکستان، الیکشن کمیشن اور دیگر کو نوٹس
جاری کردیے۔جسٹس جنید غفار کی سربراہی میں دور رکنی بینچ کے روبرو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے الیکشن کمیشن کی قانونی حیثیت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان مکمل نہیں اسلیے اس کو بلدیاتی انتخابات کے بارے میں فیصلے نہیں کرنا چاہئیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 29 اپریل کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کالعدم اور غیر آئینی قرار دیا جائے اور بلدیاتی انتخابات کے شیڈول, ضلع کونسل کی حدود سمیت دیگر فیصلے غیر قانونی قرار دیے جائیں۔عدالت نے نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے سے انکار کردیا۔ جسٹس محمد جنید غفار نے ریمارکس دیئے کہ عدالت سے رجوع کرنے میں تاخیر کی گئی۔ نوٹیفکیشن اپریل اور مئی کے شروع کے ایام کے ہیں۔ تعطیل کے دوران عدالت سے رجوع کیا گیا ہے، وقت کے حساب سے درخواست دائر کرنی چاہئے تھی۔ ہم نے فریقین کو نوٹس جاری کردیا ہے، حکم امتناع جاری نہیں کرسکتے۔عدالت نے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اٹارنی جنرل پاکستان، الیکشن کمیشن اور دیگر سے جواب طلب کرلیا۔واضح رہے کہ آئینی درخواست ایم پی اے کنور نوید، اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کے سابق چیئرمینوں نے دائر کی ہے۔