عافیہ صدیقی سے متعلق اہم رپورٹ سامنے آگئی
اسلام آباد (این این آئی)امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق دفتر خارجہ کی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروا دی گئی۔دفتر خارجہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ عافیہ صدیقی امریکی ریاست ٹیکساس کی جیل میں 2008 سے قید ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے مسلسل کوششیں کی گئی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستانی حکام نے یہ معاملہ مسلسل ہر سطح پر امریکی حکام کے سامنے اٹھایا ہے، عافیہ صدیقی کے قانونی و انسانی حقوق کا معاملہ امریکی حکام کے سامنے ہے۔دفتر خارجہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عافیہ اپنے مقرر کردہ افراد کے ساتھ ہی صحت کے بارے میں معلومات شیئر کرتی ہیں، ڈاکٹر عافیہ کی طرف سے مقرر کردہ افراد میں پاکستان قونصلیٹ کے لوگ شامل نہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر عافیہ اپنی بہن ڈاکٹر فوزیہ، بھائی محمد علی اور اپنی وکیل کے ساتھ صحت کی معلومات شیئر کرتی ہیں۔