اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے پیشِ نظر پنجاب بھر سے پی ٹی آئی کے 1 ہزار 756 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار افراد کی فہرست آئی جی پنجاب کے ڈی ایس پی لیگل نے تیارکی ہے جبکہ جیو نیوز نے تمام گرفتار افراد کی فہرست حاصل کرلی۔
ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے گرفتار 48 کارکنوں کی نظر بندی کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں جبکہ گرفتار افراد 7 روز کے لیے نظر بند ہوں گے۔اس کے علاوہ سیالکوٹ میں 200افراد کیخلاف مقدمہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان کے پتھراؤ سے پولیس اور رینجرز کے 7 جوان زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق زخمی جوانوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ، زخمی جوانوں میں پولیس کے طاہراقبال،راشد منہاس، ایف سی کے فیاض احمد،پنجاب پولیس کے 2 جوان جبکہ انہی زخمیوں میں رینجرز کے عاقب عثمان،شاکر بھی ہیں۔دوسری جانب سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخاری نے سرکاری و نجی املاک جلانے کے مقدمات پی ٹی آئء قیادت پر درج کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ فساد انتشار حملہ آوری لوٹ مار گھیراؤ جلاؤ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پولیس گاڑیاں جلانا اور امن و امان قائم رکھنے کے زمہ داران پر حملے سیاسی جماعت کا رویہ نہیں غنڈہ گرد زینیت کی کارستانی ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد اور دیگر شہروں میں نجی بینکوں کو لوٹنے والوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ،سرکاری املاک کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر رقوم پی ٹی آئی قیادت سے وصول کی جائے ،وصول شدہ رقوم متاثرین میں تقسیم کرکے ازالہ کیاجائے ۔