اسلام آباد(این این آئی)الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کی تیاری شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اکتوبر کے اختتام یا نومبرکے آغاز میں عام انتخابات کرانے کیلئے تیار ہے جس کیلئے 2017 کی مردم شماری کے
مطابق ملک بھر میں حلقہ بندیاں کی جا رہی ہیں اور حلقہ بندی کمیٹیاں ابتدائی حلقہ بندیوں کو 24 مئی تک مکمل کرلیں گی۔ذرائع کے مطابق 28 مئی کو ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت کردی جائیگی، ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات 29 مئی سے 28 جون تک جمع کرائے جا سکتے ہیں ،3اگست کو ملک بھر میں حلقہ بندیوں کے کام کی تکمیل اور حتمی اشاعت ہو گی۔ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے غیر حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت کیلئے ڈسپلے سینٹرقائم کردئیے ہیں جو 21 مئی سے لے کر 19 مئی تک کھلے رہیں گے۔ذرائع کے مطابق نئی مردم شماری ہونے پر الیکشن کمیشن 2023 کے اکتوبر، نومبر میں عام انتخابات کراسکے گا جس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے ساتویں مردم شماری کا حتمی نتیجے سے متعلق ادارہ شماریات کومراسلہ بھیج دیا ہے۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ساتویں مردم شماری کا نتیجہ فروری 23 کی بجائے 31 دسمبر 22 کوشائع کیا جائے، نئی مردم شماری کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن کو تازہ حلقہ بندیوں کے لیے4 ماہ چاہئیں۔