اسلام آباد (این این آئی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے قتل کی سازش کی بات پر یقین نہیں کرتا ہے ، یہ شعبدہ بازی ہے ،عمران خان ایسی باتیں کررہے ہیں جن سے ان کے ذہنی توازن پر شک ہوتا ہے ،جب حکمران تھے تو تب کیوں نہیں بولے ، یہ ذہنی طورپرپہلے سے بھی بد تر ہوگئے ہیں ۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پررد عمل کا اظہار کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ
مجھے یہ وینٹی لیٹر کہہ رہے ہیں کوئی بات نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر بات کی تھی ، ان کی دوائیوں ، چینی اور گند م میں کرپشن ہے ،ہمارا ملک کا جو حال انہوںنے کیا ہے وہ آپ کے سامنے ہیں اور اس صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے وینٹی لیٹر کا نام لیا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے ساڑھے تین سال میں جو گزارے ہیں اور جیسے اقتدار میں آئے ہیں وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہوئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ انہوںنے اپنی حکومتی سرپرستی میں کرپشن اور لوٹ مار کو فروغ دیا ہے ، پاکستان کے اثاثے اور معیشت کو نقصان پہنچایا ۔ انہوںنے کہاکہ ایسی باتیں کررہے ہیں جن سے ذہنی توازن پر شک ہوتا ہے ، ہم سیاسی لوگ ہیں ۔انہوںنے کہاکہ جس گرائونڈ میں جا کر یہ جلسہ کررہے ہیں ان کا سائز دیکھیں ، پہلے کرسچن کمیونٹی کے ساتھ جھگڑا کیا ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان ایسی باتیں کررہے ہیں جن کا وجود نہیں ہے ، کہتے ہیں مجھے مارنے کی سازش ہو رہی ہے ، کبھی کہتے ہیں جوبائیڈ ن نے میرے خلاف سازش کی ، امریکہ نے سازش کی ، میں نے نمبر بند کر دیئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اگر ان کی ہاں میں ہاں ملائی جائے اور ان کی مدد کی جائے تو سب کچھ اچھا ہے اور اگر کوئی قانون کے مطابق بات کرے تو ایسی زبان استعمال کر تے ہیں جو نہیں کر نی چاہیے ۔انہوںنے کہاکہ یہ کب تک ان کا رونا دھونا چلے گا۔ قتل کی سازش کے حوالے سے سوال پر انہوںنے کہاکہ یہ شعبہ بازی ہے ، دنیا بھر میں ہوتا ہے جب سیاستدان کمزور ہوتے ہیں تو کہتے ہیں میری جان کو خطرہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جب حکمران تھے تو تب کیوں نہیں بولے ۔انہوںنے کہاکہ یہ ذہنی طورپر پہلے سے بھی بد تر ہوگئے ہیں ۔