سیالکوٹ (این این آئی)سابق وزیر اطلاعات ڈآکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے بہتر نہ کوئی جھگڑ سکتا اور نہ لڑسکتا ہے تاہم اس وقت ہم کسی سے لڑنا نہیں چاہتے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اصل بات
پی ٹی آئی کے کارکنان کو لے کر چلنا ہے، پاکستان کے نظریے اورعوام کی جدوجہد ہے۔فردوس عاشق نے کہا کہ ہماری جنگ پاکستان کے مخالفین سے ہے، انتظامیہ کو کہتی ہوں کہ وہ بھی تعاون کریں، یہ عوام کے حقوق کی جدوجہد ہے۔انہوں نے کہا کہ محافظوں کے ساتھ کوئی جنگ نہیں ہے، اگر کارکنان کو پریشان کیا جائے گا توان کو پرامن رکھنا اور قابو پانا مشکل ہوجائے گا۔سابق وزیر نے کہا کہ کارکنوں سے بھی کہتی ہوں انتظامیہ سے تعاون کریں، چیک پوسٹ پر شناخت مانگی جائے توشناخت ضرور دیں، ڈی پی او کے حکم پر ہمارے رہنماؤں کی گرفتاریاں کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو جس کی ایما پر گرفتار کیا گیا اس کی منجھی ٹھوکنے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز نے کارروائی پر ڈی پی او کو شاباشی دی جو ان کی ذاتی خواہش پوری کرنے پر دی گئی ہے۔