لاہور( این این آئی)حج درخواستوں کی وصولی کا عمل مکمل ہونے کے بعد درخواستوں کی قرعہ اندازی آج(اتوار)کو کی جائے گی۔وزارت مذہبی امور کے مطابق بینکوں کی جانب سے 13 مئی کی رات تک 63 ہزار 666 حج درخواستوں کی تصدیق کی گئی ۔
آن لائن حج درخواستوں کی وجہ سے وزارت کے سرور پر لوڈ بڑھ گیا اور حج سے متعلق معلومات دینے کا لنک ڈائوون ہوگیا۔بینک حکام نے ہفتہ کے دن حج درخواستوں کی ڈیٹا انٹری اور جانچ پڑتال مکمل کی جبکہ وقت کی کمی کے باعث حج درخواستوں کی وصولی میں توسیع نہیں کی گئی۔وزارت مذہبی امور کے مطابق حج درخواستوں پر قرعہ اندازی آج اتوار 15 مئی کو اسلام آباد میں ہوگی۔پاکستان کے حصے میں 81 ہزار 132 افراد کا کوٹہ آیا ہے۔سب سے زیادہ آبادی والے مسلمان ملک انڈونیشیا سے سب سے زیادہ ایک لاکھ عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جس کے بعد پاکستان سے سب سے زیادہ 81ہزار 132 افراد حجاز مقدس کا سفر کریں گے۔بھارت اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہے جہاں سے 79ہزار 237 افراد حج کے لیے سفر کریں گے جبکہ بنگلہ دیش کے 57ہزار 585 افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔