لاہور (این این آئی)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ کے گزشتہ 6 ماہ کے اخراجات سامنے آگئے جس کے مطابق رمیز راجہ نے 6 ماہ میں 39 لاکھ 17 ہزار روپے کی رقم خرچ کی۔چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے 6 ماہ کے اخراجات کی
تفصیل ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق رمیز راجہ نے 6 ماہ میں 39 لاکھ 17 ہزار روپے کی رقم خرچ کی، رمیز راجہ نے وہیکل الاؤنس کی مد میں 5 لاکھ 77 ہزار روپے سے زائد رقم خرچ کی، موبائل، سکیورٹی، میڈیکل کی مد میں 4 لاکھ 15 ہزار روپے لیے گئے۔رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے غیر ملکی دوروں پر 2 لاکھ 39 ہزار روپے سے زائد خرچ ہوئے، اندرون ملک سفر پر 26 لاکھ 78 ہزار 985 روپے کے اخراجات ہوئے۔پی سی بی کے مطابق اخراجات کی تفصیلات جاری کرنا یا نہ کرنا چیئرمین کا استحقاق ہے۔خیال رہے کہ رمیز راجہ کے اخراجات اپ ڈیٹ نہ کرنے کے حوالے سے گزشتہ روز میڈیا پر خبرچلی تھی۔ خبر چلنے کے 24 گھنٹے کے بعد ہی پی سی بی نے اخراجات کی تفصیلات جاری کر دیں۔چیئرمین پی سی بی کے اخراجات ویب سائٹ پر جاری کرنے کا سلسلہ سابق چیئرمین احسان مانی نے شروع کیا تھا۔