انڈیاناپولس(این این آئی) ایک نئی دوا ٹرزیپاٹائیڈ کی حتمی اور تیسرے مرحلے کی طبی آزمائشوں (فیز 3 کلینیکل ٹرائلز)میں رضاکاروں کا وزن اوسطا 22.5 فیصد کم ہوا۔ یہ آزمائشیں 72 ہفتے جاری رہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق اس دوا پر تحقیق، تیاری اور اس کی طبی آزمائشوں کا تمام کام بین الاقوامی ادویہ ساز کمپنی ایلائی للی کے تحت 9 ملکوں میں انجام دیا گیا ہے۔رضاکاروں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا،پہلے گروپ کو ہفتے میں ایک بار اس دوا کی 5 ملی گرام مقدار بذریعہ انجکشن دی گئی، دوسرے گروپ کو 10 ملی گرام فی ہفتہ، تیسرے گروپ کو 15 ملی گرام فی ہفتہ، جبکہ چوتھے گروپ کو جعلی لیکن بے ضرر دوا(پلاسیبو)دی گئی۔دوا کے ساتھ ان تمام رضاکاروں کے روزمرہ معمولات میں متوازن غذا اور جسمانی مشقت/ ورزش بھی شامل رکھی گئی تھی جبکہ یہ سلسلہ 72 ہفتے (ایک سال 5 مہینے)چلتا رہا۔کلینیکل ٹرائل کے اختتام پر معلوم ہوا کہ پلاسیبو لینے والے رضاکاروں کے وزن میں اس پورے عرصے کے دوران صرف 2.4 فیصد کمی واقع ہوئی۔اس کے مقابلے میں صرف 5 ملی گرام فی ہفتہ یہ دوا لینے والے رضاکاروں کا وزن 16 فیصد، جبکہ 15 ملی گرام فی ہفتہ کی خوراک لینے والے رضاکاروں کا وزن 22.5 فیصد کم ہوا۔