کولمبو (این این آئی)سری لنکا میں ورکرز کی طرف سے عام ہڑتال کے سبب کاروبار زندگی معطل رہا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ان کا مطالبہ ہے کہ صدر گوتابایا راجا پاکسے اپنے عہدے سے استعفی دیں۔ حکام کے مطابق پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ بالکل بند رہی، اسکولوں اور سرکاری دفتروں کے ملازمین اپنی ڈیوٹی پر نہ پہنچے اور بینک بھی اس ایک روزہ ہڑتال کے حق میں بند رہے۔ ٹریڈ یونین ورکرز کے مطابق یہ سری لنکا تاریخ کی سب بڑی عام ہڑتال ہے جس میں ایک ہزار سے زائد مزدور یونینوں نے حصہ لیا۔ ادھر ہزاروں افراد کولمبو میں صدرراجا پاکسے کے دفتر کے باہر گزشتہ 20 روز سے دھرنا دیے ہوئے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اپنا عہدہ فوری طور پر چھوڑ دیں۔ سری لنکا ان دنوں شدید معاشی بحران کا شکار ہے۔