اسلام آباد(آن لائن) الیکشن کمیشن نے پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ کے حوالے سے قائم سکروٹنی کمیٹی کو جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ مذید 17سیاسی جماعتوں کے حسابات مشکوک پائے گئے ہیں۔جمعرات کے روز سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ کی جانچ پڑتال
کیلئے تشکیل اسکروٹنی کمیٹی کی پیش رفت سے متعلق کیس کی سماعت کے موقع پر اسکروٹنی کمیٹی کے سربراہ الیکشن ڈائریکٹر جنرل لاء محمد ارشد کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ درخواست گزار فرخ حبیب الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ فرخ حبیب صاحب کی غیر حاضری لگائی جائے۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی رپورٹ آنے میں اتنی تاخیر کیوں ہوئی جس پر سکروٹنی کمیٹی کے سربراہ نے بتایا کہ دوران جانچ پڑتال پی ٹی آئی کی جانب سے ریکارڈ فراہم کرنے میں بہت تاخیر ہوئی انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی جانب سے ریکارڈ کی فراہمی میں بھی تاخیر ہو رہی ہے انہوں نے کہاکہ اگر کمیشن حکم دے تو اسٹیٹ بینک تفصیلات براہ راست فراہم کر دے گاانہوں نے کہاکہ تین سے چار مرتبہ اسکروٹنی کمیٹی غیر فعال ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی جانب سے ریکارڈ کی بروقت فراہمی کے باعث تاخیر ہوئی ہے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپکو ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے اکاؤنٹس کی سکروٹنی میں مزید کتنا وقت درکار ہے جس پر سربراہ کمیٹی نے کہاکہ سکروٹنی کمیٹی ن لیگ، پیپلزپارٹی اکاؤنٹس کی سکروٹنی کیلئے ایک ماہ مکمل کرلے گی اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی اکاؤنٹس کی سکروٹنی جلد مکمل کریںانہوں نے کہاکہ پولیٹیکل فنانس ونگ نے 101 جماعتوں کے اکاؤنٹس کی چھان بین کی ہے اور17 سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات میں شکوک و شبہات ہیں۔