اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں سے متعلق کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے کسی رکن کے استعفے کا نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا۔
الیکشن کمیشن کے اعلامئے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت پیر کو الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے الیکشن کمیشن کو لکھے خط پر غور کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ خط میں عمران خان نے کہا کہ پارٹی نے قومی اسمبلی کی تمام نشستوں سے استعفے دے دیے ہیں، اور اب قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی کوئی نمائندگی نہیں ہے جبکہ منحرف ارکان کے خلاف آرٹیکل 63 اے کے تحت کیس بھیج دیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے کسی رکن کے استعفے کا نوٹیفکیشن نہیں ملا، استعفوں کا کیس موصول ہوتے ہی قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اراکین اسمبلی کے خلاف آرٹیکل 63 اے کا ڈیکلیریشن سپیکر قومی و صوبائی اسمبلی نے بھیج دیاہے، ایسے ارکان قومی اسمبلی کو 28 اپریل کیلئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں جبکہ ممبران صوبائی اسمبلی کو 6 مئی کیلئے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق تحریک انصاف کو بھی نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔