اسلام آباد (این این آئی، آن لائن)بجلی نہ ہونے سے چیئرمین نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی بیوی بھی پریشان ہوگئیں۔بجلی تقسیم کارکمپنیوں کے لائسنس کی تجدید پرہونے والی سماعت میں چیئرمین نیپرا نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے سی ای او
سے کہا کہ بیوی نے کہا کہ گزشتہ روز بجلی 8 بارگئی، آپ چیئرمین نیپرا ہیں، اگر آپ کا یہ حال ہے تو باقی کیا ہورہا ہوگا۔چیئرمین نیپرا نے کہا کہ رات ان کے ہوتے ہوئے بھی گھر کی بجلی 2 بار گئی، لوگ بل دیتے ہیں، ان کو بجلی دیں۔دوسری جاب قومی اسمبلی اجلاس کے اجلاس میں شاہدہ رحمانی نے ایوان میں روشنیوں کے شہر کراچی میں لوڈ شیڈنگ اور اووربلنگ کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کے الیکٹرک کو بدمست ہاتھی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو لوٹا جا رہا ہے۔گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کراچی سے رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی نے کہا کہ کراچی میں کے الیکٹرک بدمست ہاتھی بن چکا ہے ،کراچی میں لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کی جا رہی ہے،سندھ کو اس کے حصے کا پانی نہیں مل رہا، فصلیں تباہ ہورہی ہیں کراچی سرکلر ریلوے منصوبے پر فوری عمل درآمد کی ضرورت ہے انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کا ادارہ ایسٹ انڈیا کمپنی اور بدمست ہاتھی بن چکا ہے جو کراچی کے شہریوں کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں اور لوٹ مار میں مصروف ہے اس کا ازالہ کرنا ہوگا۔