ابوظہبی(این این آئی)ابوظہبی کے ایک شخص نے اپنی وِگ میں 30 لاکھ روپے مالیت کا سونا چھپالیا جسے دہلی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ابوظہبی سے آنے والے ایک مسافر کو نئی دہلی کے اندرا گاندھی
انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس کی وِگ میں تقریبا 30 لاکھ روپے کا سونا اسمگل کرنے کی کوشش پر گرفتار کیا گیا۔یہ سونا جس کا وزن تقریبا 630.45 گرام تھا، مسافر کے سر کی وِگ میں چھپایا ہوا تھا۔ بھارتی کسٹم حکام کی اس کی وِگ کے نیچے سے سونا برآمد کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ مسافر کے سر کے بال منڈوانے کے بعد سونے کا ٹیلہ کتنی احتیاط سے اس کے سر پر رکھا گیا تھا، اہلکاروں نے احتیاط سے وِگ کو اتارا اور سونا برآمد کیا۔بھارتی کسٹم حکام نے بتایا کہ اس شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل جنوری میں دبئی سے دہلی ایئرپورٹ پر پہنچنے والے ایک بھارتی مسافر کو چمڑے کی بیلٹ کے نیچے چھپایا گیا ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا برآمد ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔