اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ٗ این این آئی) ایم کیو ایم پاکستان نے وفاقی کابینہ میں شامل نہ ہونے اور باہر سے بیٹھ کر وسیع البنیاد حکومت کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے سے وزیر اعظم کو آگاہ کردیا گیا ہے۔روزنامہ جنگ میں صالح ظافر کی خبر کے مطابق ایم کیو ایم پی کے سربراہ ڈاکٹر
خالد مقبول صدیقی نے منگل کی شام مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نے مخلوط حکومت کے ساتھی رہنماؤں سے حکومت کی تشکیل کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کراچی اور صوبے کے دیگر علاقوں کی فلاح و بہبود کے لئے اتحادیوں کی جانب سے کئے گئے وعدوں پر عمل درآمد میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے۔دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کو ایک دو روز میں فائنل کرلینگے ، پیپلز پارٹی سمیت تمام اتحادی جماعتوں کے وزیر شامل ہونگے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ وفاقی کابینہ کو ایک دو روز میں فائنل کرلیں گے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن )کے وزراء کا فیصلہ نوازشریف کریں گے،یہ مسلم لیگ (ن )کی نہیں اتحادی حکومت ہے۔انہوں نے کہاکہ کابینہ میں پیپلزپارٹی سمیت تمام اتحادی جماعتوں کے وزیر شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت میں سب اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلوں گا،تکام فیصلے اتحادیوں کی مشاورت سے ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ گورنر سٹیٹ بنک کے حوالے سے بھی مشورہ کریں گے۔