کراچی (آئی این پی ) ملک میں گزشتہ 2 ہفتوں سے جاری سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی مثبت اثرات پڑ رہے ہیں۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کے فیصلے اور قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد جموہری طریقے سے
انتقال اقتدار کا عمل جاری ہے۔ ملک میں سیاسی فضا صاف ہونے اثرات اسٹاک مارکیٹ پر بھی پڑرہے ہیں۔ پیر کے روز کاروبار کا آغاز ہوا تو کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس 44 ہزار 444 پر موجود تھا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہی مثبت انداز میں ہوا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی دیکھی گئی۔ کاروباری سرگرمیوں کے دوران ایک وقت میں کے ایس ہی ہنڈریڈ انڈیکس ایک ہزار 573 پوائنٹس اضافے کے بعد 46 ہزار 17 پر بھی دیکھا گیا۔ کاروبار کے دوران انڈیکس 45 ہزار 950 کی نفسایتی حد پر ٹریڈ کرتا رہا ۔ دوسری جانب کے ایس ای 30، کے ایم آئی 30 اور آل شیئرز انڈیکس میں بھی اضافہ دیکھا گیا ۔ دوسری جانب امریکی ڈالر پاکستانی کرنسی کے مقابلے ایک روپیہ 43 پیسے گر گیا ۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز امریکی ڈالر کی قیمت میں بڑی گراوٹ دیکھی گئی، ایک روپیہ 43 پیسے کمی سے 183 روپے 25 پیسے پر ٹریڈ ہوا۔ امریکی کرنسی کی قیمت میں 2 روز کے دوران 4 روپے 93 پیسے کی مجموعی کمی ہوئی ہے