ماسکو(این این آئی)روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کے آغاز سے جاری تنازع میں کمی کی توقع اور چین میں کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں کے بعد طلب میں کمی کے خدشات کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 8 فیصد کمی آگئی ۔
میڈیارپورٹس کے مطابق برینٹ فیوچرز فی بیرل 8.64 ڈالر یا 7.7 فیصد کمی سے 104.03 ڈالر تک آگیا، اسی طرح یوایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 8.74 ڈالر یا 8.0 فیصد سے 100.59 ڈالر تک آگئی۔رپورٹ کے مطابق دونوں بینچ مارک 28 فروری کے بعد کم تر سطح پر آگئے ، دونوں بینچ مارک 24 فروری کو یوکرین پر روس کے حملے کے بعد بڑھ گئے تھے اور ایک اندازے کے مطابق رواں برس 34 فیصد تک آگئے۔یوبی ایس کے تجزیہ کار گیووانی اسٹانوو کا کہنا تھا کہ یوکرین اور روس کے درمیان مذاکرات کے نئے دور کے علاوہ میرے خیال میں چین میں نیا لاک ڈائون وہ بنیادی وجہ ہے جس سے خام تیل کے لیے منفی ہفتے کا آغاز ہوا ہے۔دو ذرائع نے بتایا کہ پابندیوں کے باوجود روس رواں ماہ تاحال روزانہ 11.12 ملین بیرل تیل اور گیس پیدا کررہا ہے۔خیال رہے کہ امریکا اور برطانیہ نے گزشتہ ماہ روس کے تیل کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا جو 2022 کے اختتام تک رہیں گے۔