اسلام آباد(ایجنسیاں) صرف 5 فیصد ٹیکس دیں‘ کالا دھن سفید کریں‘ ذرائع آمدن نہیں پوچھے جا ئیں گے‘ حکومت نے تیسرا ٹیکس ایمنسٹی اسکیم آرڈیننس جاری کردیا۔وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے آرڈیننس کی منظوری دے دی۔
سرمایہ کار ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے نئی کمپنی بنانے کا پابند ہو گا۔اس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی حتمی تاریخ دسمبر 2022 ہوگی۔ نئے یونٹ کے ذریعے جون 2024 تک کمرشل پیداوار شروع کرنا لازمی ہوگا۔ایمنسٹی اسکیم کے تحت بیمار صنعتی یونٹس کو خرید کر منافع بخش بنانے والوں کیلئے سرمایہ کاری میں 3 سال تک ٹیکس استثنیٰ ہو گا۔آرڈیننس کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کرنے پر اگلے 5 سال ٹیکس چھوٹ ملے گی۔ انڈسٹریل پیکج 2022 کے حوالے سے جاری تفصیلات کے مطابق اس پیکج میں سرمایہ کاری کی کم از کم حد5 کروڑ روپے ہے ‘سال 2018 اور 2019 کی ایمنسٹی اسکیموں کے سابقہ مستفید ہونے والے اس پیکج کے لیے اہل نہیں ہیں جبکہ گزشتہ تین سالوں میں بینک قرض کے نادہندگان بھی اس پیکج کے لیے اہل نہیں ہیں۔