لاہور(این این آئی)پاکستان سپر لیگ سیون میں بطور کوچ لاہور قلندرز نمائندگی کرنے والے آسٹریلین کرکٹر بین ڈنک نے کہا ہے کہ پاکستانی مداحوں سے ملنے والی محبت میری زندگی کے بہترین لمحات ہیں،آسٹریلیا کا دورہ پاکستان اور ٹیسٹ سیریز کرکٹ کے مداحوں کیلئے ایک بہترین تحفہ ہو گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسٹریلین ٹیم کا دورہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کیلئے بے حد ضروری ہے اور میں بطور مداح اس سیریز کا شدت سے منتظر ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان بہترین مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، پاکستان میں کنڈیشنز سے متعلق کچھ کھلاڑیوں سے بات چیت ہوئی ہے اور انہیں بتایا ہے کہ برصغیر کی کنڈیشن میں کھیلنا کسی چیلنج سے کم نہیں، تاہم امید ہے کہ کھلاڑی بھرپور تیاری کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سیون میں لاہور قلندرز کے ساتھ بطور کوچ اپنے کردار سے بہت لطف اندوز ہو رہا ہوں، لاہور قلندرز اس وقت بہترین ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیل رہی ہے، فخر زمان بہت محنت کے ساتھ اپنے کھیل کے انداز میں بہتری لائے ہیں اور ہر گیند کو میرٹ پر کھیلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا کتنا ٹیلنٹ ہے اور پاکستان کی نیشنل ٹیم میں شامل کھلاڑی کس قدر ٹیلنٹڈ ہیں اس کا اندازہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں ان کی کارکردگی سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ پاکستان میں مداحوں سے مجھے جو محبت ملی وہ میری زندگی کے بہترین لمحات ہیں۔