لاہور (این این آئی)پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے بڑا جنونی ہوں، اچھی کارکردگی سے سلیکشن کمیٹی کی توجہ حاصل
کرنا چاہوں گا، میرا کسی نوجوان بولر سے مقابلہ نہیں بلکہ میرا مقابلہ خود سے ہے۔کپتان پشاور زلمی وہاب ریاض نے آن لائن پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا پروٹوکول پر عمل درآمد کی ذمہ داری صرف 6 کپتانوں پر نہیں، تمام کھلاڑی اور اسٹاف ممبران کو اپنی ذمیداری ادا کرنا ہوگی، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کورونا کے باعث 2 بار رک چکا ہے، اس بار نہیں رکنا چاہیے۔پشاور زلمی کے کپتان نے کہا کہ ریزرو کھلاڑیوں کا پول اچھا ہے جس میں باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں، زیادہ آپشنز ہونا اچھی بات ہے، بطور کپتان ہمیں مدد ملتی ہے، بطور ٹیم ہمارا فوکس صرف جیت پر ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیزنز میں قریب آکر ٹرافی نہ جیت سکیں، اس بار فنش کریں گے، ڈیرن سیمی اپنی ذاتی مصروفیت کے باعث تاخیر سے جوائن کریں گے، فینز کے سپورٹ کرنے پر شکر گزار ہوں، فینز کو مایوس نہیں کریں گے۔