نیویارک (این این آئی )عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد تین سو ملین کا ہندسہ عبور کر گئی ہے۔ادھرمیکسیکو میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں تین لاکھ سے تجاوز کر گئیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس کے نئے
ویریئنٹ اومیکرون کے تیز رفتار پھیلا نے اس سلسلے میں نئے ریکارڈ قائم کر دئیے۔ گزشتہ سات روز میں 34 ممالک نے اب تک کے سب سے زیادہ کورونا کیسز ریکارڈ کیے۔ ان میں سے 18 ممالک یورپی جب کہ سات افریقی ہیں۔ ماہرین کے مطابق اب تک کی معلومات کے مطابق اومیکرون ویریئنٹ پھیلائو کے اعتبار سے کورونا وائرس کی دیگر اقسام سے کہیں زیادہ متعدی ہے، تاہم بہ ظاہر اس سے قدرے کم سنگین بیماری لاحق ہو رہی ہے۔ گو کہ گزشتہ ہفتے دنیا بھر میں ساڑھے تیرہ ملین افراد اومیکرون کا شکار ہوئے، تاہم عالمی سطح پر کورونا وائرس سے جڑی ہلاکتوں میں تین فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ادھرمیکسیکو میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں تین لاکھ سے تجاوز کر گئیں۔ عالمی سطح پر میکسیکو کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے اعتبار سے پانچویں نمبر پر ہے۔میکسیکو میں کورونا وائرس کے مزید 25 ہزار نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے، جو اس وبا کے آغاز سے اب تک کا دوسرا بدترین دن تھا، جب کہ وہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کووِڈ انیس کی بیماری سے جڑی ہلاکتوںکی تعداد 168 رہی۔