اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے اعظم جمیل کو اپنا معاون خصوصی برائے سیاحتی روابط مقرر کردیا۔کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق اعظم جمیل کا بطور معاون خصوصی تقرر رولز آف بزنس 1973 کے رول 4 (6) کے تحت کیا گیا ہے اور ان کی تعیناتی اعزازی بنیاد پر ہوگی۔اعظم جمیل نے ٹوئٹر پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔اعظم جمیل کی بطور معاون خصوصی برائے سیاحتی روابط تعیناتی کے بعد وزیر اعظم کے معاونین خصوصی کی تعداد بڑھ کر 18 ہوگئی ہے جن میں 13 غیر منتخب شخصیات بھی شامل ہیں۔اضافے کے بعد وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد 54 ہوگئی ہے جن میں معاونین خصوصی کے علاوہ 28 وفاقی وزرا، 4 وزرائے مملکت اور 4 مشیر شامل ہیں۔