لاہور( این این آئی) پنجاب کے کئی شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ گیا، صوبائی دارالحکومت لاہورمیں ہلکی بونداباندی سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ اسموگ اور دھند بھی قدرے چھٹ گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق وہاڑی ،
لودھراں،جھنگ، فورٹ عباس، عارف ،لودھراں، کبیر والا، گوجرہ، جہانیاں اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی بارش ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافے ہونے کے ساتھ کئی دنوں سے دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں آیا ہوا مطلع قدرے صاف ہو گیا ۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی کئی مقامات پر ہلکی بوندا باندی ہوئی ۔وادی کوئٹہ سمیت شمال مغرنبی بلوچستان میں موسم سرما کی پہلی بارش اور پہاڑوں پر برفباری نے خشک موسم کا خاتمہ کردیا ۔ زیارت، قلعہ سیف اللہ اور گرد و نواح کے دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقے مغرب سے داخل ہونے والے بارشوں کے سسٹم کی لپیٹ میں ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان ،خیبر پختونخواہ ،خطہ پوٹھوہار، وسطی و جنوبی پنجاب،گلگت بلتستان اورکشمیر میں بارش اور برفباری ہوسکتی ہے۔