ابوجہ (این این آئی)نائجیریا میں ایک خاتون فوجی اہلکار کو آن ڈیوٹی رومانس کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نائجیرین فوج کے حکام کا کہنا تھا کہ خاتون فوجی اہلکار نے یونیفارم میں
رومانس کیا اور شادی کی پیشکش قبول کرتے ہوئے فوج کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی اس لیے انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق خاتون فوجی اہلکار نے حکومت کی یوتھ ٹریننگ اسکیم( نیشنل یوتھ سروس کور)میں تربیت پانے والے ایک شخص کی جانب سے شادی کی پیشکش قبول کی تھی جس کی ویڈیو گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر بھی دیکھی گئی تھی۔دوسری جانب نائجیریا میں خواتین کے حقوق کے ایک گروپ نے فوج پر خاتون فوجی اہلکار کے ساتھ امتیازی سلوک کا الزام لگایا ہے۔گروپ کا کہنا تھا کہ فوجی وردی میں مرد اہلکاروں کی جانب سے ایسا کرنے پر ان کے خلاف ایسی کارروائی نہیں کی گئی۔اس کے علاوہ انسانی حقوق کے کارکن اور نائجیریا کے سابق صدارتی امیدوار اوموئیل سوور نے فوج کے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک قرار دیا۔