کولمبو (این این آئی)سری لنکن وزیراعظم مہندر راجہ پاکسا کے وزیر بیٹے نمل راجہ پاکسا سیالکوٹ میں مارے جانے والے فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کے دارالحکومت کولمبو کے گھر پہنچے۔سری لنکا کے وزیر نوجوانان اور اسپورٹس نمل راجہ پاکسا نے پریانتھا کمارا کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں مقتول فیکٹری منیجر کی اہلیہ اور دو بچے بھی موجود تھے۔سری لنکن وزیراعظم کے بیٹے نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کی اپیل کی۔اس سے قبل برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو میں مقتول فیکٹری منیجر کی اہلیہ کا کہنا تھاکہ میرے شوہر معصوم انسان تھے، خبروں سے پتا چلا کہ بیرون ملک اتنا کام کرنے کے باوجود میرے شوہر کو بے دردی سے مار دیا گیا۔انہوں نے سری لنکا کے صدر اور پاکستان کے صدر و وزیر اعظم سے منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ میرے شوہر اوردو بچوں کو انصاف دیا جائے۔سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے سانحہ سیالکوٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یقین ہے عمران خان ذمہ اروں کوکٹہرے میں لائیں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے لکھا کہ سری لنکن منیجر کے پاکستان میں مارے جانے پر صدمے میں ہوں، میری ہمدردی سری لنکن منیجر کے اہلخانہ کیساتھ ہے۔وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے کہا کہ سری لنکا اور اس کے عوام کو وزیراعظم عمران پر یقین ہے، ہمیں پورا یقین ہے کہ عمران خان ذمے داروں کو کٹہرے میں لائیں گے۔