لاہور، اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی) (ن) لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ حکومت نے زبردستی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے الیکشن کرانے کی کوشش کی تو اپوزیشن تحریک کا ماڈل اپنائے گی۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا ﷲ
نے کہا کہ ہمارا دو ٹوک فیصلہ ہے کہ ہم ای وی ایم کے تحت کسی صورت الیکشن نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے زبردستی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے الیکشن کرانے کی کوشش کی تو اپوزیشن تحریک کا ماڈل اپنائے گی۔خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پر کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب صوبائی الیکشن حکام کا کہنا ہے کہ ای وی ایم پر الیکشن کرانے کا معاملہ پالیسی امور میں آتا ہے جو الیکشن کمیشن آف پاکستان طے کرتا ہے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کا ای وی ایم اور بیرون ملک پاکستانیوں کی ووٹنگ کے امور پر ٹیکنیکل کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ انتہائی احسن ہے۔ اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ پارلیمان کے فیصلے تمام اداروں کیلئے مقدم ہیں، انتخابات میں الیکشن کمیشن کے چیئرمین اور ممبران کا کردار انتہائی اہم ہے اورحکومت ان معاملات پرالیکشن کمیشن سے ہرممکن تعاون کریگی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اپنے ٹوئٹ میں کہاکہ کرونا کے باوجود تین سال میں گیارہ لاکھ لوگوں کو تو صرف بیرون ملک نوکری ملی ہے،اگلے دو سالوں میں پوری امید ہے بیس لاکھ لوگ بیرون ملک جائیں گے، ان کی تفصیل اس طرح ہے۔