شنگھا ئی(این این آئی)شنگھائی میں جاری چین کی چوتھی بین الاقوامی درآمدی نمائش میں ’’ایشین-افریقن گڈز فیسٹیول2021‘‘ منعقد کیا گیا۔چائنا میڈیا گروپ کی صحافی وانگ بنگ بنگ اور چین کے ای کامرس پلیٹ فارم کے نامور میزبان لی جیا چھی نے افغانستان،جاپان اور تھائی لینڈ کی
اعلی معیار کی مصنوعات کا تعارف کروایا۔ اسی شام ، اس فیسٹیول میں افغان چلغوزہ مقبول ترین پراڈکٹ بن چکا تھا، دو گھنٹے کے اندر اندر چھبیس ٹن چلغوزے فروخت ہو ئے۔رات بارہ بجے تک تین گھنٹوں میں اشیا کی فروخت چھ کروڑ یوان سے تجاوز کر گئی۔ افغانستان بیلٹ اینڈ روڈ کی مشترکہ تعمیر کا اہم حصہ ہے۔دو ہزار اٹھارہ میں پہلی مرتبہ بیس ٹن افغان چلغوزے ، ایک چارٹرڈ طیارے کے ذریعے افغانستان سے چین تک پہنچائے گئے۔ اس کے علاوہ ، زعفران سمیت دیگر افغان مصنوعات کو بھی چینی مارکیٹ میں متعارف کروایا گیا ہے چونکہ افغانستان کے مرکزی بینک کے اثاثے امریکہ کی جانب سے منجمد کیے گئے ہیں اور ایک بڑی بین الاقوامی امدادبھی ملتوی کی گئی ہے ، اس لیے افغانستان کو سنگین اقتصادی و سماجی مشکلات کا سامنا ہے۔اسی تناظر میں چلغوزے کی برآمد افغانستان کے لیے خاص اہمیت کی حامل ہے۔