نئی دہلی (این این آئی) بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین روہت شرما نے کہاہے کہ ایسے رنز اور سنچریوں کا کوئی مطلب نہیں ہے جس میں آپ ٹرافی نہ جیت سکیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سوشل میڈیا ہینڈل سے گفتگو کرتے ہوئے روہت شرما نے کہا کہ ’2016 سے اب تک، میں صرف اتنا دیکھ سکتا ہوں کہ میں نے کافی تجربہ حاصل کیا ہے، میں 2016 کے مقابلے میں ایک بلے باز کے طور پر بہت زیادہ پختہ ہو چکا ہوں‘۔روہت شرما نے کہا کہ ’کھیل کو سمجھنا ضروری ہے، آپ کو ہمیشہ ٹیم کو اپنے آپ سے آگے رکھنا ہوتا ہے اور یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ ٹیم کو اس وقت کیا ضرورت ہے۔‘بھارتی کرکٹر نے کہا کہ ’کوشش کریں اور ایک یا دو لمحے نکالیں اور سوچیں کہ اگر میں شاٹ کھیلنے جا رہا ہوں تو کیا ٹیم کو اس وقت اس کی ضرورت ہے یا نہیں‘۔اْنہوں نے کہا کہ ’جب آپ اپنی ٹیم کے لیے اننگز کا آغاز کرتے ہیں، تو آپ کے پاس زیادہ سے زیادہ گیندوں کا سامنا کرنے کا بہترین موقع ہوتا ہے۔ آپ زیادہ سے زیادہ رنز حاصل کرتے ہیں‘۔روہت شرما نے کہا کہ ’میرے خیال میں ایسے رنز اور سنچریاں بے مطلب ہیں جن کے بعد آپ ٹرافی نہ جیت سکیں‘۔