کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)صوبائی مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے کہا ہے کہ میں خواب دیکھا ہے کہ عمران خان کے حالات بہت خراب ہیں جس کی وجہ سے وہ خود مستعفی ہو کر عام انتخابات کا اعلان کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق منظور وسان نے ملک میں چینی مہنگی ہونے
کا ذمہ دار وفاق کو قرار دے دیا،مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے کہاکہ سندھ میں چینی کا کوئی بحران نہیں ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ پنجاب اور کے پی میں چینی کے بحران میں اضافہ ہونے سے چینی مزید مہنگی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں چینی کا کوئی بحران نہیں ہے، ہمارے پاس ابھی بھی ایک سے ڈیڑھ ماہ کا اسٹاک موجود ہے، سندھ کے پاس 92،767.129 میٹرک ٹن چینی کااسٹاک ہے۔ایک سوال کے جواب میں مشیر زراعت نے بتایا کہ سندھ میں آئندہ ہفتے سے شوگر ملز چلنا شروع ہوجائیں گی، پنجاب نے گنے کی فی من امدادی قیمت225روپے، سندھ نے 250روپے مقرر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے کاشت کاروں کو گنے اور گندم کی فی من امدادی قیمت زیادہ دی، وفاقی حکومت نے سرپلس کا بہانہ بنا کر سستی چینی ایکسپورٹ کردی۔مشیر زراعت سندھ نے کہا کہ پنجاب میں چینی کا اسٹاک ختم ہوچکا ہے، اب قلت بڑھنے سے چینی کی قیمت ڈیڑھ سو روپے تک جا پہنچی ہے۔